لاہور(زاہد انجم سے)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسرڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفر نے کہا ہے کہ دکھی انسانیت کی خدمت دین اسلام کی اولین صفت ہے کیونکہ انسانی جان سے بڑھ کر کوئی بھی چیز مقدم نہیں۔انہوں نے کہا کہ اس میدان میں محنت اور لگن کے ساتھ خدمات سر انجام دینے والے لوگوں میں سر فہرست ہیلتھ پروفیشنلز ہیں جو اپنی خوشیوں کی پروا ہ نہ کرتے ہوئے عید جیسے پر مسرت موقع پر بھی ہسپتال میں اپنے فرائض سر انجام دیتے ہیں اور اپنے اہل خانہ کی بجائے وارڈ میں زیر علاج مریضوں کی دیکھ بھال کر کے اُن کے چہروں پر مسکراہٹیں بکھیرتے ہیں۔
ان خیالات کا اظہار پروفیسر الفرید ظفر نے عید کی سرکاری تعطیلات کے دوران لاہور جنرل ہسپتال میں ڈیوٹی پر مامور ڈاکٹرز،نرسز اور پیرا میڈیکس کے علاوہ مریضوں و لواحقین سے گفتگو میں کیا۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خالد بن اسلم،ڈاکٹر ریاض حفیظ، ڈاکٹر عبدالعزیز سمیت دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی ان کے ہمراہ تھے جبکہ پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے لاہور جنرل ہسپتال کے تمام شعبوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ یہ امر قابل ذکر ہے پرنسپل پی جی ایم آئی سمیت انتظامی ڈاکٹرز عید کی چھٹیوں میں بھی ہسپتال میں موجود رہے جس سے نوجوان طبی عملے کا حوصلہ بلند ہوا۔ پروفیسر الفرید ظفر نے فرداًفرداً مریضوں کے بستر پر جاکر اُن کی خیریت دریافت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کرنے کے علاوہ اُن میں مٹھائی بھی تقسیم کی۔ انہوں نے ڈاکٹرز،نرسز کے دکھی انسانیت کے خدمت کے جذبے کو سراہا اور انہیں چھٹیوں میں فرائض کی ادائیگی پر شاباش دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پی جی ایم آئی کا کہنا تھا کہ دوسروں کے لئے بے لوث قربانی کا جذبہ رکھنے والے اللہ تعالیٰ کے پسندیدہ افراد ہوتے ہیں لہذا ہمیں ہر پل مصیبت میں گھرے لوگوں کے دکھ درد کوکم کرنے اور اُن کے زخموں پر مرحم رکھنے کیلئے خلوص نیت کے ساتھ کوششیں کرنی چاہئیں کیونکہ دکھ اور تکلیف میں مبتلامریضوں کے دلوں سے نکلی ہوئی دعائیں ڈاکٹرز،نرسز کا مقدر بدلنے کا وسیلہ بنتی ہیں۔
میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال ڈاکٹر خالد بن اسلم نے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کو بریفنگ میں بتایا کہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت دوران عید مریضوں کو سرنج سے لے کر آپریشن کا سامان،تشخیصی ٹیسٹ،سی ٹی سکین، الٹرا ساؤنڈ، ایکسرے اور ادویات مفت فراہم کی گئیں جبکہ ان دنوں میں ڈائلسز سینٹر بھی 24گھنٹے فنکشنل رہا تاکہ گردوں کے مرض میں مبتلا مریضوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے بتایا کہ تمام شعبوں میں ملازمین کی حاضری یقینی بنائی گئی،صفائی ستھرائی پر بھی خصوصی توجہ دی گئی جبکہ ہسپتال آنے والے شہریوں کو حفظان صحت کے اصولوں کے مطابق ماحول میسر کیا گیا۔
پروفیسر الفرید ظفر نے کہا کہ ہسپتال کے تمام شعبوں کے سینئر ڈاکٹرز اور انتظامیہ کی باہمی کو آرڈینیشن سے مریضوں کا علاج معالجہ بلا تعطیل بہتر انداز میں کیا گیا لہذا ہمیں مستقبل میں بھی اسی پالیسی پر کاربند رہنا ہوگا اور اس ادارے کا نام مزید روشن کرنے کیلئے ہر شخص کو مثبت کردار ادا کرنا ہوگا۔