سوات (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر، گلگت بلتستان و سیفران اور صوبائی صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے اتوار کو سوات کے علاقے منگلور میں الخدمت فاؤنڈیشن کے فلاحی کیمپ کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہوں نے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے متاثرین کی مدد کیلئے جاری سرگرمیوں کا جائزہ لیا اور تنظیم کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل کی گھڑی میں عوام کی خدمت کرنا ایک عظیم کارِ خیر ہے، جس پر الخدمت فاؤنڈیشن داد و تحسین کی مستحق ہے۔ وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے کیمپ میں موجود رضا کاروں سے ملاقات کی، ان کا حوصلہ بڑھایا اور ان کی بے لوث خدمات پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیں اسی وقت ترقی کرتی ہیں جب ان کے افراد ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہوتے ہیں۔
انہوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ حکومت متاثرہ افراد کی بحالی میں ہر ممکن تعاون کرے گی، حکومت فلاحی اداروں کے ساتھ بھرپور رابطے میں ہے تاکہ امدادی کاموں کو مؤثر انداز میں آگے بڑھایا جا سکے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندوں نے وفاقی وزیر کو جاری سرگرمیوں، ضروریات اور مستقبل کے منصوبوں سے آگاہ کیا جس پر انجینئر امیر مقام نے اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔