انجمن تاجران

انجمن تاجران کابجلی کی قیمت میں اضافے ،پیٹرولیم میں اضافے کی تجویز پرتشویش کا اظہار

لاہور(رپورٹنگ آن لائن )آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدراشرف بھٹی نے فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کی مد میں بجلی کے فی یونٹ قیمت میں4روپے30پیسے اضافے اور پیٹرولیم کی قیمتوں میں مزید اضافے کی تجویز پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کے اقدامات گھمبیر معاشی مسائل سے دوچار عوام کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن رہے ہیں، مہنگائی اوربیروزگاری کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے لیکن حیرت ہوتی ہے حکومت پھر بھی عوام کی خوشحالی کے دعوے کرتے نہیں تھکتی ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل محبوب سرکی ،لاہور کے صدر میاںطارق فیروز، جنرل سیکرٹری نعیم بادشاہ، سینئر نائب صدر میاں سلیم، چیئرمین انجمن لاہور حافظ عطا اللہ ، وائس چیئرمین ملک ناظم،شہزاد بھٹی ، رمضان بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔ اشرف بھٹی نے کہا کہ رات کو سو کر صبح اٹھیں تو پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافہ ہو چکا ہوتا ہے ، مطالبہ ہے کہ حکومت فیول پرائس ایڈ جسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں پر ڈاکہ ڈالنے کا سلسلہ فی الفور بند کرے ۔

حکومت کے ہاتھ میں ایسا نایاب نسخہ آ گیا ہے کہ جس کے ذریعے ہر ماہ عوام کی جیبوں سے اربوں روپے نکال لئے جاتے ہیں لیکن مجال ہے اسی فارمولے کے تحت کسی مہینے بجلی کی قیمت میںکمی ہوئی ہو۔ یہی صورتحال پیٹرولیم فارمولے کی صورت میں بنا لی گئی ہے، پہلے حکومت ہر ماہ اضافہ کرتی تھی لیکن حکومت کی تسلی نہیں ہوئی تو اسے 15روز پر لے آئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال کے حوالے سے تمام تاجر تنظیموں سے رابطے کئے جائیں گے اور جلد آئندہ کے حوالے سے متفقہ لائحہ عمل کااعلان کیا جائے گا۔