لاس اینجلس (رپورٹنگ آن لائن) عالمی شہرت یافتہ ہالی ووڈ اداکارہ اور اقوام متحدہ کی خصوصی سفیر انجلینا جولی نے کہا ہے کہ وہ اور یو این ایچ سی آر بے گھر یوکرینی شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کرنا چاہتے ہیں۔انجلینا جولی نے انسٹاگرام پر روس یوکرین تنازع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔اْنہوں نے اپنی میں لکھا کہ’ تمام لوگوں کی طرح وہ بھی یوکرین کے لوگوں کے لیے دعا کر رہی ہیں’۔ اْنہوں نے لکھا کہ’اس وقت اْن کی توجہ اس بات پر مرکوز ہے کہ وہ اپنے یو این ایچ سی آرکے ساتھیوں کے ساتھ مل کر خطے میں بے گھر ہونے والوں اور پناہ گزینوں کے تحفظ اور بنیادی انسانی حقوق کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن کوشش کریں’۔
اداکارہ نے لکھا کہ’ہم ہلاکتوں اور لوگوں کے اپنی جانوں کی حفاظت کے لیے گھروں کو چھوڑنے کی اطلاعات پہلے ہی دیکھ چکی ہیں’۔اْنہوں نے لکھا کہ’یہ جاننا کہ آگے کیا ہوگا، قبل اَز وقت ہوگا لیکن اس لمحے کی بہت اہمیت ہے’۔اپنی پوسٹ کے آخر میں اْنہوں نے لکھا کہ’یوکرین کے لوگوں اور بین الاقوامی قانون کی حکمرانی کے لیے صورتحال کو بڑھا چڑھا کر پیش نہیں کیا جا سکتا’۔