انتخابات

انتخابات کے بعد بھی جوہری مذاکرات کا ہماراموقف تبدیل نہیں ہوگا،ایران

تہران(ر پورٹنگ آن لائن)ایران میں 18 جون کو ہونے والے صدارتی انتخابات کے بعد بھی عالمی طاقتوں سے 2015 میں طے شدہ جوہری سمجھوتے کی بحالی سے متعلق مذاکرات میں مقف میں کوئی تبدیلی واقع نہیں ہوگی کیونکہ اس معاملے سے متعلق ایران کی اعلی قیادت فیصلہ کرتی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایرانی کابینہ کے ترجمان علی ربیع نے نیوزکانفرنس میں کہا کہ ہم یہ ظاہر کرچکے ہیں کہ ہم ہر طرح کے حالات میں اپنی بین الاقوامی ذمے داریوں کی پاسداری کے پابندہیں اور یہ ایک قومی فیصلہ تھا۔

ترجمان نے واضح کیا کہ ایران کی جوہری پالیسی کا تعین سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کرتے ہیں،اس کا ملکی سطح پر ہونے والی پیش رفت سے کوئی تعلق نہیں۔نئی حکومت ان ہی پالیسیوں کوبرقرار رکھے گی ، جنھیں ویانا مذاکرات میں اختیار کیا گیا ہے۔علی ربیع نے کہا کہ جب تک تمام فریق جوہری سمجھوتے سے متعلق اپنے تقاضوں کی پاسداری کرتے ہیں،تو وہ یہ یقین کرسکتے ہیں کہ ایران بھی اپنی ذمے داریوں سے انحراف نہیں کرے گا۔