ہمایوں اختر 159

انتخابات میں تھوڑا وقت باقی رہنے کے باعث اپوزیشن کو سڑکوں پر آنے کا بخار چڑھنا اچنبھے کی بات نہیں’ ہمایوں اختر

لاہور(ر پورٹنگ آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں ایک سال کا عرصہ باقی رہنے کے باعث اپوزیشن کو سڑکوں پر آنے کا بخار چڑھنا اچنبھے کی بات نہیں ،حالت نزاع میں پڑی اپوزیشن اگر یہ سر گرمیاں بھی نہ کرے تو عام انتخابات میں عوام کو کیا منہ دکھائے گی ،تحریک انصاف کی حکومت نہ صرف اپنی آئینی مدت پوری کرے گی بلکہ آئندہ عام انتخابات میں زیادہ اکثریت سے حکومت بنائیں گے ۔ اپنے بیان میں ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جیسا دلیر اور پر عزم شخص اپوزیشن کے لانگ مارچ کے اعلانات اورگیدڑ بھبھکیوں سے ہرگز مرعوب نہیںہونے ہوگا۔

وزیر اعظم عمران خان پیپلز پارٹی اورپی ڈی ایم میں شامل درجنوں جماعتوں کے مقابلے میں تنہا ڈٹ کر کھڑا ہے اور اپنے بیانیے سے کبھی قدم پیچھے نہیں ہٹائے جبکہ اپوزیشن اپنی حالات کو دیکھتے ہوئے بیانیے کی فریکونسی سیٹ کرتی ہے جس سے عوام ان کے چہرے پہچان چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ملک کی کشتی کوجس بھنور سے نکالا ہے اس پر پوری دنیا ہماری معترف ہے ،خاص طو رپر کورونا وباء کی کئی لہروں کے باوجود تمام شعبوںکو نہ صرف سہارا دیا گیا بلکہ ہماری معیشت بھی بہتری کی جانب گامزن رہی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن 2023ء تک ایسے ہی ہلکان ہوتی رہے گی اورحکومت اپنی مدت پوری کر ے گی جس کے بعد نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں