سید خورشیدشاہ

امید ہے انتخابات مقررہ وقت پر ہوں گے،سید خورشیدشاہ

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیر آبی وسائل اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے امید ظاہر کی ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) ملک کو درست سمت میں لے جائے گی اور انتخابات آئین کے مطابق وقت پر ہوں گے،

اگر انتخابات میں تاخیر ہوئی تو پیپلز پارٹی کھڑی ہو گی۔ ایک انٹرویومیں انہوںنے کہاکہ انتخابات ضابطہ اخلاق کے تحت ہونے چاہئیں کیونکہ معاشی استحکام سیاسی استحکام پر منحصر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقی معنوں میں بروقت اور شفاف انتخابات پر یقین رکھتی ہے جو ملک اور اس کے استحکام کے لیے بہتر ہوں گے۔ نگراں سیٹ اپ کی تقرری میں پیش رفت سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے وضاحت کی کہ آئین پر عمل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی میں تقریباً تمام جماعتیں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قیادت کی سطح پر نہیں بلکہ کمیٹی کی سطح پر پانچ ناموں کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے امیدوار کو آزاد ہونا چاہیے، امیدوار کسی پارٹی کا فعال رکن نہ ہو اور نہ ہی کسی پارٹی کا بڑا لیڈر ہو۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف کو بھی سراہا اور امید ظاہر کی کہ اب یہ تمام تر ذمہ داری مسلم لیگ (ن) کی ہے کہ وہ نگران سیٹ اپ اور ریاست کے ہموار نظام کے لیے بروقت انتخابات کے لیے دانشمندانہ فیصلے کرے۔