امیتابھ بچن

امیتابھ بچن نے اپنا نئی دہلی کا مکان 23 کروڑ روپے میں فروخت کردیا

ممبئی (رپورٹنگ آن لائن)بالی ووڈ سپر اسٹار امیتابھ بچن کی ممبئی میں تو کئی جائیدادیں موجود ہیں ، لیکن انہوں نے حال ہی میں نئی دہلی میں واقع اپنی ایک جائیداد 23 کروڑ بھارتی روپے میں فروخت کی ہے، اس گھر کا نام سوپان ہے اور یہ دارالحکومت کے گل موہر پارک میں موجود ہے۔ اس گھر میں لیجنڈری اداکار کے والدین ہری ونش رائے بچن اور تیج بچن رہا کرتے تھے۔

ایک بھارتی میڈیا ادارے کی ایک رپورٹ کے مطابق یہ گھر نیزون گروپ آف کمپنیز کے سی ای او آونی بادر نے خریدا ہے، ان کے اور بچن خاندان کے 35 برس پرانے تعلقات ہیں۔ سرکاری ڈیٹا کے مطابق 418 گز سے زیادہ رقبے کا یہ مکان گزشتہ سال دسمبر میں فروخت ہوا اور اس کی رجسٹری سات دسمبر کو خریدار کے نام منتقل ہوئی۔آونی بادر کا کہنا ہے کہ اس کی کنسٹرکشن پرانی ہے اس کی وجہ سے ہم اسے منہدم کرکے اپنی ضرورت کے مطابق دوبارہ تعمیر کرینگے۔