لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت مفت آٹا نہیں دے رہی بلکہ موت لینے کیلئے عوام کی لائنیں لگوائی جارہی ہیں ، تیس سال سے مسلط دو خاندانوں کی ہمیشہ سے یہ کوشش ہے کہ عوام ان کے غلام رہیں یا روزی روٹی کیلئے لائنوں میں لگے رہیں تاکہ یہ بے فکر ہو کر قومی خزانے پر ہاتھ صاف کرتے رہیں ۔ اپنے بیان میں مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ مفت آٹے کی فراہمی کو دو روز ہوئے ہیں اور میڈیا رپورٹس کی اطلاعات کے مطابق مفت آٹا لینے کے لئے آنے والے دو افراد مفت آٹا تو نہیں لے سکے البتہ انہیں موت ضرور مل گئی ہے ۔
رمضان سر پر ہے کیا لوگ روزہ رکھ کر مفت آٹا لینے کے لئے ایسے ہی قطاروں میں لگ کر ذلیل و خوار ہوتے رہیں گے ؟۔ عوام کی عزت نفس مجروح کئے بغیر بھی عوام کو ریلیف دیا جا سکتا ہے لیکن مسلط طبقہ اس طرح کے اقدامات کر رہا ہے جس میں ملک میں افرا تفری کا عالم رہے تاکہ عوام کی توجہ اصل مسائل سے ہٹی رہے ۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح قصور میں آٹے کا ٹرک لوٹ لیا گیا اب حالات اس طرف جارہے ہیں جہاں یہ کسی کے کنٹرول میں نہیں رہیں گے۔