امریکی فوج

امریکی فوج کا کابل میں داعش کے خودکش بمباروں کی گاڑی پر ڈرون حملہ

واشنگٹن(ر پورٹنگ آن لائن)امریکی فوج نے کابل میں ایک گاڑی پر ڈرون حملہ کیا ہے تاہم یہ نہیں بتایاگیا ہے کہ اس حملے میں کتنے داعشی جنگجو مارے گئے ۔میڈیارپورٹس کے مطابق دو امریکی عہدے داروں نے اس حملے کی تصدیق کردی۔امریکی حکام کا کہنا تھا کہ بغیرپائیلٹ طیارے سے کابل ائیرپورٹ کی طرف جانے والی ایک گاڑی کو نشانہ بنایا ۔اس میں داعش کے متعدد خودکش حملہ آور سوار تھے لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایاکہ اس حملے میں کتنے داعشی جنگجو مارے گئے ۔

امریکی فوج کے ایک افسر کا کہنا تھا کہ اس ڈرون حملے کے نتیجے میں دھماکے ہوئے ۔انھوں نے اس کوثانوی نوعیت کے دھماکے قراردیا اورکہا کہ یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ گاڑی میں دھماکا خیزمواد کی کافی مقدار موجود تھی۔طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے بھی اس ڈرون حملے کی تصدیق کی ۔البتہ ان کا کہنا تھا کہ اس میں گاڑی میں سوار ایک خودکش بمبارکو نشانہ بنایا گیا ہے۔ وہ کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر حملہ کرنا چاہتا تھا۔