واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر نے افغانستان میں حالیہ واقعات سے مجبور ہوکر نقل مکانی کرنیوالے افغان شہریوں کی امداد کیلئے 10کروڑ ڈالر امداد کی منظوری دے دی۔
وائٹ ہاؤس کے مطابق اس رقم کی ادائیگی پناہ گزینوں سے متعلق امریکی ایمرجنسی فنڈ سے کی جائیگی جب کہ امداد سے پناہ گزینوں کی غیر متوقع ضروریات، تنازعات کا شکار افراد اور دیگر افراد کو لاحق خطرات سے نمٹنے میں مدد ملے گی۔
اس کے علاوہ اس فنڈ سے ان 20 ہزار افغان مترجمین کی مدد بھی کی جائے گی جو امریکی فوج کے لیے خدمات انجام دے رہے تھے اور اب انہوں نے امریکی امیگریشن کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔امداد بین الاقوامی تنظیموں ، این جی اوز ، امریکی حکومت اوراس کے اداروں کے ذریعے تقسیم کی جائے گی۔