واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابی سروے کے دوران سابق نائب صدر و ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار جوبائیڈن کی مقبولیت میں اضافہ برداشت نہ کر سکے اور غصے کا اظہار کرتے ہوئے پریس کانفرنس کو انتخابی مہم کی تقریب میں بدل دیا۔
فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس روز گارڈن میں ایک پریس کانفرنس منعقد کی جس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حریف صدارتی امیدوار جوبائیڈن پر تنقید کرتے ہوئے انہیں بائیں بازو کا بنیاد پرست قرار دیا اور جوبائیڈن کی صدارت میں امریکہ کے مکمل طور پر تباہ ہونے کی تصویر پیش کی۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ جوبائیڈن کی پالیسیاں معیشت کو تباہ کردیں گی اور وہ ایک بار پھر اپنے بیٹے ہنٹر بائیڈن کو منی لانڈرنگ کے الزام میں ملوث یوکرین کمپنی کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرنے اور بورڈ میں شامل کرنے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہنٹر کہاں ہیں؟۔ صدر ٹرمپ نے کورونا وائرس کی عالمی وباء کے خلاف اپنی حکومت کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے دعوی کیا کہ امریکہ کورونا وائرس کے باعث سب سے زیادہ متاثرہ ملک ہونے کے باوجود ان کی انتظامیہ کے اقدامات سے ملک میں لاکھوں انسانی جانیں موت کے منہ میں جانے سے بچ گئیں۔
اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انتخابات میں خود کو ہارتے ہوئے دیھکنے سے متعلق سوال کے جواب میں کہا کہ نہیں ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ انہوں نے سروے کے نتائج کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں 2016 ء کی بجائے اس وقت جوش و جذبہ بہت زیادہ ہے اور ہماری مقبولیت پہلے سے بھی زیادہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعدد ووٹرز اس متعلق بات نہیں کرنا چاہتے اور وہ ووٹرز کو سمجھتے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعوی کیا کہ جوبائیڈن کی خاموش اکثریت زیادہ ہے جو اس ملک میں پہلے کبھی نہیں دیکھی گئی۔ انہوں نے کہا کہ یہ انتخابات بہت زیادہ اہم ہیں اور میرے خیال میں یہ ہمارے لیے ایک بڑا موقع ہے۔