لاہور( رپورٹنگ آن لائن)سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ امریکی حکمرانوں کی شہ پر صیہونیوں کا ایران پر حملہ بھیانک سیاسی غلطی ثابت ہوگا،یقین ہے کہ ایرانی قوم جبر کے سامنے سر نہیں جھکائے گی- امریکی اور یورپی طاقتوں کی حمایت سے کئے گئے صیہونی حملوں کا مسلسل جواب ہی ایران کی کامیابی ہے۔
ایکس پر جاری اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بہت جلد اسرائیل ، بھارت کی طرح اپنے زخم چاٹتا نظر آئے گا،ان شا اللہ عالم ِ عرب پر صیہونی بالادستی ریزہ ریزہ ہوگی ۔غزہ کے مظلوموں کی آہ و بکا نے عرش اور فرش ہلا ڈالے ہیں، ان کا بہتا ہوا خون عالمی استعمار کے خاتمے کا عنوان بن رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ابل ِغزہ کے قتل عام میں ملوث صیہونی اور ان کے عالمی سرپرست ہی اسلامو فوبیا کے اصل ذمہ دار ہیں،ایران پر حملے نے عالم اسلام کے سوئے ہوئے حکمرانوں کو گہری نیند سے بیدار کر دیا ہے، وہ ایران کی حمایت اور صیہونی جارحیت کے خلاف کھل کر بول رہے ہیں،ہم جانتے ہیںکہ بنیان مرصوص کے بعد وعدِ صادق کی کامیابی انسانیت ،امن ،انصاف اور توازن کیلئے اشد ضروری ہے،
پاکستان ،ایران کی سلامتی اور دفاع کی اہمیت سے پوری طرح آگاہ ہے اور ایران کے ساتھ کھڑا ہے،ایرانی قوم کو معلوم ہونا چاہیے کہ اس نازک ترین مرحلے پر بھارت اپنے فطری اتحادی اسرائیل کے ساتھ ہے اور اسی کے ساتھ رہے گا ۔اللہ رب العزت امت مسلمہ کو اتحاد ، سلامتی اور کامیابی نصیب فرمائیں ۔ سعد رفیق نے قرآن آیات بھی شیئر کی جس کا ترجمہ ہے ، اور ھمارا لشکر ہی غالب ہو کر رہے گا ۔
٭٭٭٭٭