عباس عراقچی 50

امریکہ کے ساتھ مذاکرات مثبت رہے، صرف ایٹمی معاملے تک محدود تھے،ایران

تہران(رپورٹنگ آن لائن)ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے سلطنت عمان میں ہونے والے مذاکرات کے بعد امریکہ کے ساتھ بات چیت کے ماحول کو مثبت قرار دیا ہے۔

عراقچی نے ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کو دئیے گئے ایک انٹرویومیں کہا کہ انتہائی مثبت ماحول میں ہم نے دلائل کا تبادلہ کیا اور دوسرے فریق کو اپنے نقطہ نظر سے آگاہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ فریقین نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے لیکن ہم میکانزم اور وقت کے بارے میں بعد میں فیصلہ کریں گے۔عراقچی نے کہا کہ مذاکرات کے دوران فریقین نے خیالات اور خدشات کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر یہ راستہ جاری رہا تو ایک معاہدے تک پہنچنے کے لیے ایک اچھا فریم ورک حاصل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مذاکرات جاری رکھنے کے اصول پر اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔

انہوں نے واشنگٹن اور تہران کے درمیان عدم اعتماد کی دیوار کو گرانے کے سب سے بڑے چیلنج کے بارے میں بات کی۔ عراقچی نے زور دیا کہ واشنگٹن کے ساتھ بات چیت صرف ایٹمی فائل تک محدود تھی۔ ہم امریکہ کے ساتھ ایٹمی مسئلے کے علاوہ کسی دوسرے معاملے پر بات چیت نہیں کر رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی اور امریکی مذاکرات کار اپنے دارالحکومتوں میں مشاورت کے بعد مذاکرات میں آگے بڑھنے کے طریقوں کا فیصلہ کریں گے۔ عمان میں مذاکرات کے پہلے دور کے بعد ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا آگے بڑھنے کا راستہ ہمارے دارالحکومتوں کے ساتھ ہماری مشاورت پر منحصر ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں