ویکسین

امریکہ کی جانب سے ویکسین کی ذخیرہ اندوزی دوسروں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے:ترجمان چینی وزارت خارجہ

بیجنگ (رپورٹنگ آن لائن)چین نے امریکہ کی جانب سے کوویڈ-19 کی قیمتی ویکسینز کی ذخیرہ اندوزی اور ضائع کرنے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ترقی پذیر ممالک کی انسداد وبا کی مشکل صورتحال پر قابو پانے کی کوشوں کا گلا گھونٹنے کے مترادف ہے۔چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے ان خیالات کا اظہار واشنگٹن پوسٹ میں شائع ہونے والے مضمون کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں کیا جس میں امریکہ کی جانب سے ویکسین کی ایک بڑی مقدار کو ذخیرہ کرنے جس سے اس کے ضائع ہونے کا امکان ہے کے عمل پر تنقید کی گئی ہے۔

ژاﺅ نے کہا کہ وائرس کی مختلف اقسام کے بڑے چیلنجز کے ساتھ یہ وبا دنیا کے کئی علاقوں میں پھیل رہی ہے۔امریکہ کی جانب سے ذخیرہ کردہ اور ضائع کردہ ویکسین کی ہر خوراک کسی کی زندگی بچانے کے لئے استعمال ہوسکتی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی جانب سے اضافی ویکسین ضائع کرنے پر ہمیں صرف یہ نہیں سوچنا چاہئے کہ ویکسین کی کتنی تعداد ضائع ہوئی بلکہ اس چیز کو بھی مدنظر رکھنا چاہئے کہ امریکہ صحیح اور غلط میں تفریق کرنے کے اخلاقی معیار اور اپنی بین الاقوامی ذمہ داریوں سے پیچھے ہٹ رہا ہے۔