امریکہ

امریکہ کا اینٹی سیٹلائٹ میزائل تجربات پر پابندی عائد کرنے کا اعلان

واشنگٹن(رپورٹنگ آن لائن )خلا میں فوجی کارروائی کے لیے نئے ضابطے بنانے کے مقصد سے بائیڈن انتظامیہ نے امریکہ کی جانب سے اینٹی سیٹلائٹ میزائل تجربات پر پابندی کا اعلان کیاہے ۔ میڈیارپورٹس کے مطابق امریکہ نے روس اور چین کی طرف سے اینٹی سیٹلائٹ میزائل کے تجربات کرنے پر انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا ۔حالانکہ اس نے خود بھی تقریبا 14برس قبل ایک خراب جاسوس سیٹلائٹ کو تباہ کرنے کے لیے امریکی بحریہ کے ایک جنگی جہاز سے ا انٹرسیپٹر میزائل داغا تھا۔امریکہ کی نائب صدر کمالا ہیرس نے کیلفورنیا میں اسپیس فورس کے ایک اڈے پر منعقدہ تقریب کے دوران امریکی انتظامیہ کے فیصلے کا اعلان کیا۔

اس موقع پر انہوں نے اپنی تقریر میں روسی اقدام کولاپرواہی اورغیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے اس کی تنقید کی۔امریکی خلائی کمان کے مطابق روس کی جانب سے مذکورہ سیٹلائٹ کو تباہ کرنے سے خلا میں ملبے کے 1500 سے زائد ٹکرے پیدا ہوئے جس سے بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر موجود امریکی اور روسی خلا بازوں اور چین کے تیان گونگ خلائی اسٹیشن کے لیے خطرہ بڑ ھ گیا۔کمالا ہیرس نے زور دے کر کہا کہ اس قسم کے میزائل تجربات سے پیدا ہونے والا ملبہ نہ صرف خلا بازوں اور امریکی فوجی مفادات کو خطرے میں ڈالتا ہے بلکہ ان کمرشیل سیٹلائٹ کے لیے بھی خطرہ پیدا کرتا ہے جن پر دنیا انحصار کرتی ہے۔ ان میں موسم کی پیشن گوئیوں، جی پی ایس سسٹم، ٹیلی ویژن نشریات اور اہم انفرااسٹرکچر میں مدد دینے والے سیٹلائٹ شامل ہیں۔