سراج الحق 41

امریکہ و اسرائیل کے خلاف عالم اسلام کو ایک ہونا ہوگا، سراج الحق

سوات(رپورٹنگ آن لائن)جماعت اسلامی پاکستان کے سابق مرکزی امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ وقت کے طاغوت اور مختلف کفری قوتیں اسلام اور مسلمانوں کے خلاف متحد ہو چکی ہیں جبکہ عالم اسلام کے حکمران ان کے کٹھ پتلی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ تمام مسلمان ممالک ایک صف میں کھڑے ہو کر اتحاد و اتفاق قائم کریں اور عالم اسلام کے علما تمام تر فروعی و مسلکی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر امت کے اتحاد اور بیداری کا درس دیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر امت کو جوڑنے کے لیے کردار ادا نہ کیا گیا تو کفری قوتیں مسلمانوں اور اسلام کو ماضی سے زیادہ نقصان پہنچا سکتی ہیں، اس لیے موجودہ نازک حالات میں اتحاد و اتفاق اور ثابت قدمی سے ڈٹ کر کھڑا ہونا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کبل میں جماعت اسلامی تحصیل کبل کے زیر اہتمام منعقدہ گرینڈ افطار پارٹی سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں تحصیل بھر سے سینکڑوں افراد شریک ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح امریکہ اور اسرائیل نے ایران اور فلسطین پر ظلم کے پہاڑ توڑے اور آگ و بارود کی بارش کی لیکن بدقسمتی سے مسلم ممالک کے حکمران آج بھی امریکہ کے سائے تلے بیٹھ کر اس کے مفادات کا راگ الاپ رہے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی امت مسلمہ کے اتحاد اور عالم اسلام کے دفاع کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی اور عید کے بعد تمام دینی و سیاسی قوتوں کو متحد کر کے امریکہ، اسرائیل اور ان کے حامی حکمرانوں کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ انہوں نے پاکستان کے حکمرانوں اور اسٹیبلشمنٹ پر زور دیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیں اور امریکی اتحاد سے نکل کر امت مسلمہ کو جوڑنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ تقریب سے امیر جماعت اسلامی ضلع سوات حمید الحق اور تحصیل امیر حافظ اسرار نے بھی خطاب کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں