محمد جاوید قصوری 37

امریکہ اوراسرائیل کا ایران پر حملہ قابل مذمت، حکومت پاکستان دوٹوک موقف اختیار کرے’ جاوید قصوری

لاہور (رپورٹنگ آن لائن)امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے ایران پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کھلی جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومتِ پاکستان اس نازک صورتحال میں محض بیانات تک محدود نہ رہے بلکہ عملی اور سفارتی سطح پر بھرپور کردار ادا کرتے ہوئے ایران کی مکمل حمایت کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل ایک دہشت گرد ریاست ہے جو پہلے ہی غزہ میں 70 ہزار سے زائد نہتے فلسطینیوں کو شہید کر چکی ہے اور اب پورے خطے کو جنگ کی آگ میں جھونکنے کی سازش کر رہی ہے۔ اسرائیل، امریکہ اور بھارت کے گٹھ جوڑ کے تحت ایران کے خلاف جارحیت کا مقصد خطے میں عدم استحکام پیدا کرنا اورایران کی قیادت کو کمزور کرنا ہے، جو کسی صورت قابل قبول نہیں۔محمد جاوید قصوری نے کہا کہ پورا خطہ تاریخ کے ایک نہایت نازک اور خطرناک مرحلے سے گزر رہا ہے، جہاں کسی بھی بڑی جنگ کے اثرات صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہیں گے۔ انہوں نے عالمِ اسلام سے اپیل کی کہ وہ اپنے باہمی اختلافات بھلا کر اتحاد و یکجہتی کا مظاہرہ کرے اور ایران کی کھل کر حمایت کا اعلان کرے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑی ہے اور اسرائیلی جارحیت کی کھل کر مذمت کرتی ہے ۔خاموشی ظالم کا ساتھ دینے کے مترادف ہے۔ امیر جماعت اسلامی پنجاب محمد جاوید قصوری نے پاک افغان کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ دونوں ملکوں کے مفاد میں نہیں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دو ہمسایہ مسلم ممالک کے درمیان تصادم سے خطے میں عدم استحکام بڑھے گا اور اس کا براہِ راست فائدہ اسلام دشمن قوتوں کو ہوگا، جبکہ عوام کو معاشی، سماجی اور سکیورٹی مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ افغان حکومت کو چاہیے کہ وہ بھارت کی پراکسی وار لڑنے کی بجائے دانشمندی، تدبر اور دور اندیشی کا مظاہرہ کرے۔ بھارت ایک مکار دشمن ہے جو سازشوں کے ذریعے مسلم ممالک کو آپس میں لڑانے کی کوشش کررہا ہے۔ اس کی پالیسیاں خطے میں بدامنی، دہشت گردی اور سیاسی عدم استحکام کو ہوا دینے کے مترادف ہیں۔ اگر پاک افغان کشیدگی میں اضافہ ہوا تو جنوبی ایشیا مزید جنگ و جدل کا متحمل نہیں ہو سکے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں