واشنگٹن(ر پورٹنگ آن لائن)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ویڈیو شیئر کرنے والی معروف ایپ ٹِک ٹاک کی مالک چینی
ٹیک کمپنی بائٹ ڈانس کے ساتھ کسی بھی امریکی لین دین پر پابندی عائد کرنے کا ایگزیکٹو حکم نامہ جاری کردیا ہے۔
یہ پابندی 45 روز میں شروع ہو جائے گی، یہ ایک ایسا قدم ہے جس پر ماہرین بڑے پیمانے پر تنقید کررہے ہیں۔
ایگزیکٹو حکم نامہ کے مطابق یہ ایپ 17کروڑ50لاکھ مرتبہ امریکہ میں جبکہ دنیا بھر میں 1 ارب مرتبہ ڈان لوڈ کی گئی ہے،
حکم نامہ میں دعوی کیا گیا ہے کہ یہ ایپ خودکار طریقے سے صارف کی بڑے پیمانے پر معلومات حاصل کرلیتی ہے .
جس کے باعث یہ امریکہ کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔اسی طرح کا ایک ایگزیکٹو حکم نامہ چینی ٹیک کمپنی ٹین سینٹ
کی پیغام رسانی اور سوشل میڈیا ایپ وی چیٹ کے بارے میں بھی جاری کیا گیا ہے۔رواں ہفتہ کے شروع میں
وائٹ ہاس میں میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا تھا کہ وہ اس معاہدے کیلئے تیار ہیں جس میں
مائیکرو سافٹ کارپوریشن یا کوئی اور امریکی کمپنی ٹِک ٹاک خریدتی ہے،انہوں نے اس کی 15ستمبر آخری تاریخ مقرر کر رکھی ہے۔
نیوز بریفنگ کے دوران مسئلے پر بات چیت کرتے ہوئے چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بِن نے کہا کہ
چین امریکہ کی جانب سے غیر امریکی کاروباری اداروں کیخلاف بدمعاشی،عالمی تجارتی تنظیم کی کشادگی کے اصول،
شفافیت اور مارکیٹ کے معاشی قوانین کی خلاف ورزی کی سخت مذمت کرتا ہے۔وانگ نے مزید کہا کہ
یہ غنڈہ گردی کا بے دھڑک اقدام ہے جس کی چین سختی سے مخالفت کرتا ہے، ہم نے دیکھا ہے کہ
اس اقدام نے امریکہ میں اور بین الاقوامی برادری کی جانب سے بھی تنقید اور شکوک وشبہات میں اضافہ کیاہے۔