واشنگٹن (رپورٹنگ آن لائن)وفاقی وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہم امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانا چاہتے ہیں، اس سلسلے میں جلد ہی ایک سرکاری وفد امریکا جائے گا۔
عالمی جریدے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے کہا کہ ہم امریکا کے ساتھ بڑے پیمانے پر معاشی روابط بڑھانے کے خواہش مند ہیں، اس سلسلے میں جلد ہی ایک سرکاری وفد امریکا جائے گا، ہم تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے۔وزیرخزانہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ غیر ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے پر بھی بات چیت جاری ہے تاکہ امریکی مصنوعات کے لیے پاکستانی منڈیوں کے دروازے کھل سکیں.
انہوں نے کہا کہ امریکی مصنوعات پر پاکستان میں کوئی غیر ضروری جانچ پڑتال یا رکاوٹیں ہیں تو اس کا جائزہ لینے کو تیار ہیں۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان میں امریکی فرموں کی سرمایہ کاری کو خوش آمدید کہیں گے،خصوصی طور پر کان کنی اور معدنیات کے نئے شعبوں میں امریکی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کریں گے۔وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان امریکا سے مزید کپاس اور سویا بین خریدنے کا خواہش مند ہے۔
وزیرخزانہ نے کہا کہ پاکستان معیشت کو پائیدار ترقی کی راہ پر ڈالنے کا خواہشمند ہے، ترقی کے سفر میں سرمائے کے حصول کے لیے عالمی مالیاتی منڈیوں سے رجوع کریں گے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ پاکستان کو معاشی اتار چڑھاؤ کے چکر سے نکالنا ہمارا نصب العین ہے اور حکومت پاکستان کو مستحکم ترقی کے سفر پر گامزن کرنے کے لیے پرعزم ہے۔