ماسکو(رپورٹنگ آن لائن)روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے کہا ہے کہ امریکا کے ساتھ بات چیت جاری ہے لیکن دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو معمول پر لانا آسان نہیں ۔
روسی وزارت خارجہ کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والے بیان میں روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ امریکا کے ساتھ مختلف شکلوں اورتمام سطحوں پر بات چیت جاری ہے لیکن باہمی تعلقات کو معمول پر لانا آسان عمل نہیں ۔سرگئی لاوروف نے کہا کہ روس نئی امریکی انتظامیہ کی جانب سے یوکرین کے بحران کے حل کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہتا ہے لیکن یہ دونوں ملکوں کے درمیان واحد ایسا موضوع نہیں جس پر توجہ دینے اور بات چیت کرنے کی ضرورت ہو۔
انہوں نے کہا کہ روس امریکا تعلقات معمول پر لانا آسان نہیں ، یہ عمل ہمیشہ برابری اور باہمی احترام کی بنیاد پر آگے بڑھنا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ روس نے امریکا کو تجویز دی ہے کہ وہ دوطرفہ تعلقات میں جامع بہتری کے لیے درپیش سنگین رکاوٹوں کو دور کرے۔









