امریکا

امریکا کی ایرانی حکومت پر مظاہرین کے خلاف تشدد آمیزکارروائیوں پرتنقید

واشنگٹن (ر پورٹنگ آن لائن)امریکا نے ایران میں مظاہرین کے خلاف تشددآمیز کارروائیوں پر حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ایران میں حالیہ ہفتوں میں قلت آب کے خلاف مظاہروں نے ملک کوایک مرتبہ پھر ہلا کررکھ دیا ہے جبکہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے تشدد کے ذریعے ان مظاہروں کو کچلنے کی کوشش کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نیڈ پرائس نے ایک بیان میں کہا کہ ایرانی عوام اب نہ صرف اپنی نامکمل ضروریات بلکہ ان تمام انسانی حقوق کے احترام کے حق میں آوازبلند کررہے ہیں جودنیا بھر میں لوگوں کو حاصل ہیں۔نیڈ پرائس نے کہا کہ ایرانی عوام کو اپنی مایوسیوں کے اظہار اوراپنی حکومت کا احتساب کرنے کا حق حاصل ہے لیکن ہمیں پریشان کن اطلاعات موصول ہورہی ہیں کہ سیکورٹی فورسز نے مظاہرین پرفائرنگ کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد افراد ہلاک ہوگئے ۔

محکمہ خارجہ نے ایرانی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مظاہرین کوانٹرنیٹ سمیت اظہاررائے کی آزادی کا حق استعمال کرنے کی اجازت دے۔انھوں نے کہاکہ ہم ایرانیوں کے ان حقوق کی حمایت کرتے ہیں کہ وہ سیکورٹی فورسز کے تشدد اورحراست کے خوف کے بغیرپرامن اجتماعات منعقد کرسکیں اور اپنی رائے کااظہارکریں۔ پرائس کا کہنا تھاکہ ہم خطے میں انٹرنیٹ کی سست رفتار کی اطلاعات کا بھی جائزہ لے رہے ہیں۔