سید یوسف رضا گیلانی 21

امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے،سید یوسف رضا گیلانی

ڈیرہ غازی خان (رپورٹنگ آن لائن)چئیرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ دنیا کی سپر پاور امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے،دنیا کے سامنے پاکستان کی قدر میں مزید اضافہ ہو گا۔سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ ملک کا قیمتی اثاثہ تھے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کے روز کھوسہ ہاوس میں سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا میرے ڈیرہ غازی خان آنے کا مقصد سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کی وفات پر انکے اہلخانہ سے اظہار تعزیت کرنا ہے۔

سردار ذوالفقار علی کھوسہ ملک کا قیمتی اثاثہ تھے اور انکے صاحبزادوں کا بھی ملکی سیاست میں اہم کردار ہے۔انہوں نے کہاکہ میری سردار ذوالفقار علی کھوسہ سے پرانی وابستگی تھی اور میں دعا گو اللہ پاک مرحوم کے درجات کو بلند فرمائے۔امریکہ ایران جنگ کے حوالے سے سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ اللہ پاک نے پاکستان کو بڑا مقام عطا کیا ہے اور وہ خطہ میں امن کی خاطر کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان دنیا کی سپر پاور اور ایران کے درمیان صلح کی بھرپور پور کوشش کر رہا ہے اور میں پر امید ہوں مذاکرات کا یہ سلسلہ نتیجہ خیر ثابت ہو گا اور کامیاب ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ گزشتہ دنوں پاکستانی افواج خصوصی طور ائیر فورس نے بھارت کو منہ توڑ جواب دے کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔انہوں نے کہاکہ کہ میں پر امید ہوں پاکستان آئندہ چیلنجز سے بھی موثر انداز میں نمٹ کر سرخرو ہو گا۔قبل ازیں چئیرمین سینیٹ کھوسہ ہاوس پہنچے تو سردار دوست محمد خان کھوسہ، سردار حسام الدین کھوسہ اور سردار سیف الدین کھوسہ نے ان کا استقبال کیا۔اس موقع پر سید یوسف رضا گیلانی نے سردار ذوالفقار علی خان کھوسہ کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں