واشنگٹن (ر پورٹنگ آن لائن)امریکا اور روس کے صدور کا یوکرین تنازع کے حل کے لیے کانفرنس پر اصولی اتفاق ہوا ہے۔غیرملکی رپورٹس کے مطابق روس اور امریکا کے درمیان کانفرنس سے متعلق تیاریاں جمعرات کو شروع ہوں گی۔اس حوالے سے فرانس کا کہنا تھا کہ کانفرنس روس کے یوکرین پر حملہ نہ کرنے کی صورت میں ہی ممکن ہوسکے گی۔وائٹ ہاوس سے جاری بیان میں بھی حملہ نہ ہونے کی صورت میں امریکی صدر جوبائیڈن اور روس کے صدر پیوٹن کی ملاقات کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب روس اور یوکرین کے درمیان کشیدگی سے متعلق ماسکو میں امریکی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو حملوں سے متعلق وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ یوکرین سرحد کے ساتھ روس کے شہری علاقوں میں بھی حملوں کا خدشہ ہے۔ شاپنگ سینٹرز، ریلوے اور میٹرو اسٹیشن پر حملے ہوسکتے ہیں۔امریکی سفارتخانے کے مطابق ماسکو اور سینٹ پیٹرز برگ میں حملوں کا خطرہ ہے۔ امریکی شہری عوامی مقامات پر غیرضروری جانے سے گریز کریں۔