ابوظہبی ( رپورٹنگ آن لائن)متحدہ عرب امارات کے مشیر برائے قومی سلامتی شیخ طحنون بن زاید سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر پہنچے۔
میڈیارپورٹس کے مطابق ابوظہبی کے نائب حکمران شیخ طحنون بن زاید نے متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کی مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور اس کے ساتھ مملکت کی مسلسل ترقی اور خوشحالی کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا۔محمد بن سلمان نے بھی اپنی طرف سے متحدہ عرب امارات کی مسلسل ترقی اور کامیابی کے لیے اپنی خواہشات کا اظہار کیا۔
شیخ طحنون نے کہاکہ خطے کی سلامتی و استحکام سے متعلق مختلف امور اور خطے میں ہونے والی موجودہ پیش رفت پر ہم آہنگی کے حوالے سے دونوں برادر ممالک کی قیادتوں کے درمیان جو مشاورت جاری ہے، یہ ملاقات اسی کے فریم ورک کے اندر ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات خطے کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے مشترکہ عرب ایکشن اور مسلسل رابطے کی اہمیت پر یقین رکھتا ہے۔محمد بن سلمان اور شیخ طحنون نے خطے کی ترقی اور خوشحالی پر مثبت اثرات کے پیشِ نظر ریاض اور ابوظہبی کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو فروغ دینے کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔