شہباز اکمل جندران۔۔
الیکشن کمیشن آف پاکستان کے نوٹس لینے ہر ایم پی اے سردار اویس احمد خان لغاری نے خوشاب جانے کا پروگرام ملتوی کردیا ہے۔
ڈسٹرکٹ الیکشن افسر اور مانیٹرنگ افسر رائے سلطان بھٹی نے ایم پی اے سردار اویس احمد خان لغاری کو تحریری طورپر وارننگ جاری کرتے ہوئے پی پی 84 خوشاب تھری میں ضمنی انتخابات کے دوران انتخابی حلقے کا وزٹ کرنے سے منع کیا۔اور ضابطہ اخلاق پر عمل کرنے کی ہدایات جاری کیں۔
جبکہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر خوشاب خورشید عالم نے اس سلسلے میں خوشاب کے ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او کی لیٹر جاری کرتے ہوئے انتخابی ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کی ہدایات جاری کیں۔اور آگاہ کیا کہ ضابطہ اخلاق کے پیرا 17 کے تحت صدر مملکت، وزیر اعظم، چئیرمین و ڈپٹی چئیرمین سینٹ، سپیکر و ڈپٹی اسپیکر اسمبلی، ممبران اسمبلی، ممبر سینٹ، وزرا اعلی، گورنرز، وفاقی و صوبائی وزرا، مئیر اور ناظم سمیت کوئی بھی سرکاری عہدیدار انتخابی حلقے کا دورہ ہیں کرسکتا۔
جس کے جواب میں ایم پی اے سردار اویس احمد خان لغاری نے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر خوشاب خورشید عالم کو خط لکھتے ہوئے اپنا دورہ خوشاب ملتوی کرنے کی یقین دہانی کروائی اور بتایا کہ وہ انتخابی حلقے کا دورہ کرنے نہیں جارہا تھا بلکہ اپنے مرحوم دوست سابق ایم پی اے وارث کلو کی تعزیت کے لئے خوشاب جانا چاہتے تھے۔