لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن جو توشہ خانہ سے طے شدہ ضوابط کے مطابق تحفہ لینے پر عمران خان کو نا اہل کرنے کا بہانے ڈھونڈ رہا تھا توشہ خانہ کی جو تفصیلات سامنے آئی ہیں لگتا ہے اسے پی ڈی ایم کی سات پشتیں نا اہل کرنا پڑیںگی ، پی ڈی ایم اور اس کی بی ٹیم نگران حکومت کوعمران خان کی ریلی میں عوام کی شرکت سے اندازہ ہو گیا ہو گا کہ وہ کس طرف کھڑے ہیں اور کیا چاہتے ہیں ، اتوار کے روز مینار پاکستان پر ہونے والا جلسہ مسلم لیگ (ن) ہی نہیں پی ڈی ایم کے سیاسی تابوت میں آخر کیل ثابت ہوگا۔
زمان پارک میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ جابر اور ظالم حکمران پی ٹی آئی پر مظالم کے پہاڑ توڑ کر دیکھ چکے ہیں لیکن انہیں اپنے مقصد میں کامیابی نہیں ملی ، عمران خان کی قیادت میں لاہور کی ریلی تو ایک ٹریلر تھا ان شا اللہ اتوار کے روز مینار پاکستان پر عوام کا ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر ہوگا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ لندن میں بیٹھے ہوئے نام نہاد بہادر لیڈر کے پلیٹ لیٹس ایک بار پھر گر پڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مریم صفدر نے ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں طلبہ کو یر غمال بنا کر اپنے حق میں نعرے لگوائے ۔