الیکشن کمیشن 283

الیکشن کمیشن کا پنجاب میں بلدیاتی انتخابات میں آ زاد امیدوارو ں کےلئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میںکسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے بغیر انتخابات میں حصہ لینے والے امیدوارو ں کے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے، 12مارچ کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔

جمعہ کو الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق الیکشن کمیشن نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت حاصل کئے بغیر انتخاب لڑنا چاہتے ہیں، انکے لئے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔ پنجاب لوکل گورنمنٹ آرڈیننس 2021کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد جماعتی بنیادوں پر کیا جائے گا، چنانچہ ایسے متوقع امیدواران جو آزاد حیثیت میں بغیر کسی سیاسی جماعت میں شمولیت کے الیکشن لڑنا چاہتے ہیں، انہیں الیکٹورل گروپ کا اندراج کروا کر گروپ کی صورت میں الیکشن میں حصہ لینا ہوگا۔ اس مقصد کیلئے الیکشن کمیشن نے الیکٹورل گروپ کے اندراج کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

الیکٹورل گروپ کے اندراج کے شیڈول کے مطابق 12مارچ 2022کو الیکٹورل گروپس کے اندراج کے لئے پبلک نوٹس جاری کر دیا جائے گا۔ 24مارچ سے 28مارچ تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان، فارم 1پر الیکشن کمیشن کے مجاز افسر کے پاس درخواست جمع کروا سکیں گے۔ یکم اپریل تک مجاز افسران فارم 1پر موصول ہوئی درخواستوں کی جانچ پڑتال کے بعد کسی کمی بیشی کی صورت میں درخواست متعلقہ الیکٹورل گروپ کے سربراہ کو واپس دیں گے۔ 4اپریل 2022تک الیکٹورل گروپ کے سربراہ یا انکے مجاز نمائندگان مجاز افسر کے پاس درستگی کے بعد ترمیم شدہ فارم 1دوبارہ جمع کروائیں گے۔ 6اپریل تک مجاز افسران الیکٹورل گروپ کے اندراج کی تصدیقی سند فارم 3جاری کریں گے۔ درخواستوں کو منظور یا مسترد کرنے پر مجاز افسران کے فیصلوں کے خلاف اعتراضات و گزارشات دائر کرنے کی آخری تاریخ 9اپریل مقرر کی گئی ہے۔ ان گزارشات یا اعتراضات کی شنوائی الیکشن کمیشن کی طرف سے مقرر کردہ افسران کریں گے۔

13اپریل تک ان اعتراضات و گزارشات پر فیصلے جاری کر دئیے جائیں گے اور الیکٹورل گروپس کے اندراج کا عمل مکمل کر دیا جائے گا۔ صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے متوقع امیدواران کیلئے پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے امیدواران جو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کئے بغیر انتخابات لڑنا چاہتے ہیں انکے لئے لازم ہے کہ وہ جلد اپنے الیکٹورل گروپ کا اندراج کر وائیں اور انتخابات میں حصہ لیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبہ پنجاب میں پہلی بار انتخابات میں الیکٹور ل گروپس کے اندراج کا عمل کیا جائے گا، لہذا عوام بڑھ چڑھ کر اس میں حصہ لیں اور دوسروں کو آگاہ کریں۔ مزید برآں صوبہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کیلئے حلقہ بندیوں کا عمل شیڈول کے مطابق جاری ہے۔ حلقہ بندیوں کی حتمی فہرست 22مارچ 2022کو جاری کر دی جائیگی

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں