اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن) الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سینیٹ انتخابات کو شفاف بنانے کےلئے امیدواروں سے بیان حلفی لینے کا فیصلہ، امیدوار ٹکٹ کے عوض پیسے نہ دینے، ووٹ کی خریدوفروخت کےلئے پیسے نہ استعمال کرنے اور الیکشن کمیشن کو کسی بھی طرح کے اکاﺅنٹ کی تحقیقات کرانے کی یقین دہانی دے گا۔
جمعرات کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سینیٹ آف پاکستان کے انتخابات کی شفافیت کےلئے امیدواروں سے بیان حلفی لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، بیان حلفی میں امیدوار ٹکٹ پر پیسے نہ لینے کی یقین دہانی کرائے گا اور اگر ٹکٹ سے متعلق رقم دی ہے تو الیکشن کمیشن کو آگاہ کرے گا جبکہ امیدوار ووٹ کی خریدوفروخت کےلئے پیسے استعمال نہ کرنے کی یقین دہانی کرائے گا۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے مزید کہا گیا کہ امیدوار آئین و قانون کی خلاف ورزی نہ کرنے کا بیان حلفی بھی جمع کرائے گا اور امیدوار الیکشن کمیشن آف پاکستان کو کسی بھی طرح کے اکاﺅنٹ کی تحقیقات کی اجازت دے گا، امیدوار الیکشن کمیشن کو ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائے گا، الیکشن کمیشن کے مطابق بیان حلفی پر امیدوار کے دستخط، انگوٹھے کے نشان اور شناختی کارڈ نمبر درج ہو گا جبکہ امیدوار بیان حلفی اور اوتھ کمشنر سے تصدیق شدہ دستاویزات اور بیان حلفی جمع کرائے گا۔