لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے تحریک انصاف کے سینئر رہنما اعجاز چودھری کی نااہلی کے خلا ف درخواست پر تحریری حکم جاری کردیا ۔
لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس احمد ندیم ارشد نے 2صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کیا جس میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن ودیگر فریقین کو نوٹسز جاری کر کے جامع رپورٹ طلب کی گئی ہے۔عدالت نے فریقین کو ہدایت کی کہ پندرہ دن میں پیراوائزجواب عدالت میں جمع کرائیں، الیکشن کمیشن کاسینیٹ انتخاب سے متعلق نوٹیفکیشن حتمی فیصلے سے مشروط ہوگا.
وفاقی حکومت کی نمائندگی ایڈیشنل اٹارنی جنرل ملک جاوید اعوان ودیگر افسران نے کی۔درخواست گزار کی جانب سے بیرسٹر تیمور ملک ،رانا مدثر عمر ایڈووکیٹ پیش ہوئے،وکیل درخواست گزار کا کہنا تھا کہ 28جولائی 2025 کا نوٹیفکیشن غیر قانونی ہے۔چیئرمین سینیٹ کی ریفرنس کے بغیر الیکشن کمیشن نااہلی کا اختیار نہیں رکھتا، الیکشن کمیشن نے دائرہ اختیار سے تجاوز کیا، نوٹیفکیشن غیر موثر ہے۔ عدالت نے ریمارکس دئیے کہ الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کی مزید کارروائی حتمی فیصلے سے مشروط ہوگی۔








