کراچی (رپورٹنگ آن لائن)سندھ کے وزیرِ تعلیم سعید غنی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کا الیکشن کمیشن مکمل طور پر ناکام ہوا ہے، وہاں وفاقی وزیر دندناتا پھر رہا ہے اور کہہ رہا ہے جو کرنا ہے کر لو۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے کہا کہ کشمیر جیسے حساس علاقے میں بھی متنازع الیکشن کی غلطی نہیں دہرائی جائے گی، اگر ایسا ہوا تو کشمیر کاز کو بہت نقصان ہو گا۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں کنٹونمنٹ بورڈ کے الیکشن میں پچھلی بار ہمیں 3 سیٹیں ملی تھیں، امید ہے کہ اس بار ہماری زیادہ سیٹیں ہوں گی۔
سعید غنی نے کہا کہ امید ہے کہ اس بار کنٹونمنٹ بورڈ کا وائس چیئرمین بھی ہمارا ہو گا، ہم چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات جلد از جلد ہوں۔انہوں نے کہا کہ متنازع مردم شماری کے باعث حلقہ بندیاں نہیں ہو رہی تھیں، اس میں قصور ہمارا نہیں بلکہ وفاق حکومت کا ہے۔وزیرِ تعلیم سندھ نے کہا کہ متنازع مردم شماری کی ایم کیو ایم نے بھی حمایت کی، مگر صرف پیپلز پارٹی نے ہی اس مردم شماری کے خلاف آواز اٹھائی۔
سعید غنی نے کہا کہ اب چونکہ یہ مردم شماری منظور ہو گئی ہے تو حلقہ بندیاں ہو رہی ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ جلد الیکشن ہو اور ہمارا منتخب میئر آئے۔