غلام سرور خان

الیکشن میں جو وعدے کئے ان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں، غلام سرور خان

راولپنڈی (رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا ہے کہ الیکشن میں جو وعدے کئے ان کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کوشاں ہیں، وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں تحریک انصاف ہی ملک کی تقدیر بدلے گی،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو بسالی گاؤں میں پل کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ عوامی خدمت کے جذبے پر عمل پیرا ہیں، روایتی نہیں بلکہ عملی سیاست پر یقین رکھتے ہیں، وفاقی وزیر نے کہا کہ الیکشن میں جو وعدے کئے گئے ان کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سرتوڑ کوشش کریں گے، وفاقی وزیر نے یونین کونسل بسالی کے لئے 50 لاکھ روپے کی لاگت سے بجلی کھمبوں کی فراہمی کا افتتاح بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ اس علاقے میں مزید ترقیاتی کاموں کا جال بچھائیں گے جس سے اس علاقے کی تقدیر بدل جائے گی، انہوں نے کہا کہ عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سفر وزیر اعظم عمران خان کے سنگ جاری ہے، دنیا میں پاکستان کا وقار بحال کرنے جدوجہد کر رہے ہیں،

انہوں نے کہا کہ عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی اولین ترجیح ہے، بہتر معاشی پالیسوں سے مہنگائی کا خاتمہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہماری سرحدوں کی محافظ ہے، ان کے خلاف سازشیں کرنے والے ملک دشمن ہیں، انہوں نے کہا کہ عوام کو لوٹنے والوں کا احتساب ضرور ہوگا، سارے چور اکٹھے ہوکر بھی ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے، انہوں نے کہا کہ ہم عوام کی طاقت سے ان کا مقابلہ کریں گے۔