رانا ثناءاللہ خان

الیکشن عوام ووٹ کی پرچی سے موجودہ حکومت کا احتساب کریں گے، رانا ثناءاللہ خان

فیصل آباد (رپورٹنگ آن لائن )پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر و ممبر قومی اسمبلی رانا ثناءاللہ خاں نے کہا ہے کہ آئندہ جنرل الیکشن عوام ووٹ کی پرچی سے موجودہ حکومت کا احتساب کریں گے اور تحریک انصاف کی امیدواران کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے،

حکومت سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ سے کروانا چاہتی ہے کیونکہ انہیں یقین ہو گیا ہے کہ ان کے اپنے اراکین اسمبلی ان کا ساتھ چھوڑنے والے ہیں مگر ہم ان کی خواہش کی تکمیل کیلئے ان کے کسی مذموم ارادے کا ساتھ نہیں دیں گے، موجودہ حکومت عوام کو کسی قسم کا کوئی ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئی ہے‘ سرسبزوشاداب اور خوبصورت فیصل آباد کیلئے ہمارے دور میں کی گئی تمام کوششو ں اور کاوشوں پر نااہل اور اناڑی اراکین اسمبلی نے پانی پھیر دیا ہے‘

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سابق ڈپٹی میئر محمد امین بٹ کی رہائش گاہ پر ان کے بڑے بھائی یٰسین بٹ کی وفات پر فاتحہ خوانی کے موقع پر کارکنوں اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا‘ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) سٹی کے صدر شیخ اعجاز احمد‘ جنرل سیکرٹری میاں ضیاءالرحمن‘ چوہدری اعجاز ناگرا‘ رانا اظہر‘ کشمیر اتحاد گروپ کے صدر و مسلم لیگ (ن) سٹی کے نائب صدر چوہدری بہادر علی‘ حرم کلاتھ مارکیٹ کے صدر شیخ ارسلان اسلم اچھی کے علاوہ مسلم لیگ (ن) ورکر موجود تھے۔ رانا ثناءاللہ خاں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے فیصل آباد جو کبھی گاﺅں کی شکل پیش کرتا تھا اسے خوبصورت شہر بنایا‘ شہر میں سڑکوں کا جال بچھایا‘ انڈرپاس اور اووربرج بنا کر شہر کی ٹریفک کو کنٹرول کیا اور عوام فلاح کے بے پناہ منصوبے دیئے‘

اس کے مقابلے میں موجودہ نااہل حکمران اپنے تین سالہ دور میں ایک بھی بڑا عوامی منصوبہ نہیں دے سکی“ انہوں نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے مگر حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگتی‘ مجھے یقین ہے کہ آنے والے الیکشن عوام ووٹ کی پرچی سے ان حکمرانوں کا احتساب کریں گے اور ان کی ضمانتیں ضبط کروا دیں گے‘ اس موقع پر سابق ڈپٹی میئر محمد امین بٹ نے کہا کہ ہم نے اچھے برے حالات میں پارٹی کا ساتھ نبھایا ہے اور آئندہ بھی نبھائیں گے‘

انہوں نے کہا کہ چوہدری بہادر علی جیسے ورکر پارٹی کے ماتھے کا جھومر ہیں‘ ایسے ورکروں کے ہوتے ہوئے آئندہ الیکشن میں کوئی مائی کا لال میاں محمد نواز شریف کے شیروں کو شکست نہیں دے سکتا‘ اس موقع پر مرحوم یٰسین بٹ کی روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کے بلندی درجات کیلئے دعا کی گئی۔