کراچی(رپورٹنگ آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینزکی مرکزی سیکرٹری اطلاعات اور رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا ہے کہ الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم حکومتی سازش ہے، الیکشن ایکٹ میں ترامیم آئندہ انتخابات میں دھاندلی کا نیا منصوبہ ہے۔
اتوارکو جاری بیان میں شازیہ مری نے کہاکہ حکومت کو اپنی نااہلی اور ناکامی واضح نظر آرہی ہے، اب ذاتی مفادات کے لیے قانون ہی تبدیل کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ حکومت کو غیرقانونی اقدامات سے انتخابات چوری کرنے نہیں دیں گے، عوام کو نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والی حکومت اب خود کیوں گھبرا رہی ہے۔
شازیہ مری نے کہاکہ پیکا قانون کے تحت عام لوگوں کی آواز کو دبانا غیرجمہوری اور عام شہری کے حقوق کی خلاف ورزی ہے، حکومت عام شہری کی آواز دبانے کیلئے ایسے اقدامات کررہی ہے جو آمریت میں بھی نہیں ہوئے۔
انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت ڈکٹیشن کے تحت ایسی قانون سازی نہ کرے جس کا کل وہ خود شکار بنیں، حکومت الیکشن ایکٹ اور پیکا قانون میں ترامیم کا فیصلہ فوری طور پر واپس لے۔