کراچی (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ مہوش حیات نے کہا ہے کہ اللہ سے میرا رشتہ ہمیشہ مضبوط رہا ہے۔
اداکارہ نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں اپنے روحانی سفر سے متعلق کھل کر بات کی۔مہوش حیات جن کے کریڈٹ پر دل لگی، من جلی، میرے قاتل میرے دلدار جیسے ڈرامے اور جوانی پھر نہیں آنی، پنجاب نہیں جاں گی اور لندن نہیں جاں گا جیسی بلاک بسٹر فلمیں شامل ہیں،وہ اب 5 سال بعد جیو ٹی وی کے ڈرامہ ڈائن کے ذریعے ٹی وی اسکرین پر واپس آئی ہیں۔
انٹرویو کے دوران جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ اپنے اللہ سے رشتے کو کیسے برقرار رکھتی ہیں، تو مہوش حیات نے کہا کہ بچپن سے میرا اللہ سے ایک گہرا تعلق ہے اور یہی وہ رشتہ ہے جس نے مجھے ہمیشہ سنبھالا ہے، میں خاموشی میں، شکر گزاری میں یا کسی مشکل وقت میں براہ راست اللہ سے بات کرتی ہوں آخرکار، اللہ ہی ہے جو ہمیں ہماری اصل حقیقت سے جانتا ہے اور یہ احساس بہت خوبصورت ہے کہ میرا اس سے ایک خاص تعلق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ شوبز کی چکا چوند اور دنیاوی شہرت کے باوجود میرا روحانی رشتہ کبھی کمزور نہیں ہوا اور یہی میری زندگی کا سب سے بڑا سہارا ہے۔