اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ اب وقت آچکا ہے کہ اقوام متحدہ 5 جنوری 1949 کو کشمیر کو متنازع مسئلہ قرار دینے کے اپنے وعدے کو پورا کرے،اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا غیر جانبدارانہ استصواب رائے کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کر ے ،مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم اور جبری محاصرے نے انسانیت کو شرمندہ کر رکھا ہے۔
کشمیر کے 72 ویں یوم قرار داد حق خودارادیت کے موقع پر اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنے پیغام میں کہا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے، مسلہ کشمیر کے مستقل حل تک جدو جہد جاری رہے گی، مسئلہ کشمیر تقسیم ہند کا نامکمل ایجنڈا ہے اسے مکمل کیے بغیر جنوبی ایشیاءمیں امن کا قیام ناممکن ہے، کشمیر ایشو ہماری حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ حکومت کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کو صلب کیے جانے والے معاملات کو دنیا بھر میں بھرپور طریقے سے اجاگر کر رہی ہے،
دنیا بھر میں منعقد ہونے والی اسپیکرز کانفرنسز سمیت دیگر کانفرسز میں پاکستان نے کشمیر کے ایشو پر دو ٹوک موقف اختیار کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا مقبوضہ کشمیرمیں جو ظلم ہورہا ہے اسے ہم اپنا درد اورزخم سمجھتے اور محسوس کرتے ہیں، بھارت کی فاشسٹ حکومت نے ایک عرصے سے کشمیری عوام پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے، جو دنیا کی تاریخ کی بد ترین مثال ہے، اقوام متحدہ اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانیت سوز مظالم کو رکوانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔