انتونیو گوتریس

اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی آسٹریا کے سکول میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت

اقوام متحدہ (رپورٹنگ آن لائن )اقوام متحدہ نے آسٹریا کے شہر گریز میں سکول میں فائرنگ کے واقعہ کی مذمت کی ہے جس میں 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوئے ۔

غیرملکی میڈیا کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش کے ترجمان سٹیفن ڈوجارک نے کہاکہ سیکرٹری جنرل سکول میں فائرنگ واقعہ سے شدید غمزدہ ہیں اور اس گھنائونے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے متاثرین کے اہل خانہ، گریز کے عوام اور آسٹریا کی حکومت سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے تمام زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ واضح رہے منگل کو آسٹریا کے دوسرے بڑے شہر گریز کے سکول میں فائرنگ کے نتیجے میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کرنے والے سکول کے 21 سالہ سابق طالب علم نے بعد ازاں اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کر لیا۔