عارف علوی

اقوام متحدہ عالمی یکجہتی ، خیر سگالی اور دوستی کی فتح کی علامت ہے،عارف علوی

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ عالمی یکجہتی ، خیر سگالی اور دوستی کی فتح کی علامت ہے، اقوام متحدہ پائیدار امن اور بامقصد تعاون کے لئے انسانیت کی بہترین امید ہے، عالمی امن کو درپیش چیلنجز ، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے،سلامتی کونسل بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے خاتمے کے لئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے ،اقوام ِ متحدہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دے۔ ہفتہ کو اقوامِ متحدہ کی 75 ویں سالگرہ پر اپنے پیغام میں کہاکہ اقوام متحدہ عالمی یکجہتی ، خیر سگالی اور دوستی کی فتح کی علامت ہے۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ پائیدار امن اور بامقصد تعاون کے لئے انسانیت کی بہترین امید ہے۔

انہوںنے کہاکہ عالمی امن کو درپیش چیلنجز ، پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان بین الاقوامی قوانین ، علاقائی سالمیت اور قوموں کے حق خود ارادیت کے بنیادی اصولوں کی حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کی 75 ویں سالگرہ جموں و کشمیر کے عوام سیسلامتی کونسل کے حق خود ارادیت کے نامکمل وعدے کی تکمیل کی یاد داشت ہے۔ انہعوںنے کہاکہ سلامتی کونسل بھارتی غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم کے خاتمے کے لئے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالے ۔ انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کشمیر میں فوجی محاصرہ، مواصلات اور پرامن اجتماعات پر پابندیاں ختم کرائے، اقوام ِ متحدہ کشمیر کے آبادیاتی ڈھانچے کو تبدیل کرنے کی نیت سے لائے گئے نئے ڈومیسائل قواعد کو کالعدم قرار دے،

اقوام ِ متحدہ 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کو کالعدم قرار دے۔ انہوںنے کہاکہ ہندوستانی افواج کے ذریعہ انسانی حقوق کی پامالیوں کی تحقیقات کے لئے ایک کمیشن آف انکوائری تشکیل دیا جائے ، پاکستان اقوام متحدہ کے امن مشنزمیں طویل عرصے سے خدمات انجام دے رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ 1960 سے اب تک پاکستان کی 2 لاکھ سے زائد افواج 26 ممالک میں 46 مشنز میں خدمات انجام دے چکی ہیں،اب تک پاکستان کے 158 پیس کیپرز نے اقوامِ متحدہ کے امن مشن کیلئے جانوں کی قربانی دی ہے، پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں سات بار خدمات انجام دے چکا ہے۔صدر عارف علوی نے کہاکہ پاکستان حال ہی میں بھاری اکثریت سے پانچویں بار اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کا رکن منتخب ہوا، تصفیہ طلب تنازعات کے پرامن حل اور انسانی حقوق اور وقار کا تحفظ اقوامِ متحدہ کی اولین ذمہ داری ہے۔