لاہور (رپورٹنگ آن لائن)ترجمان حکومت پنجاب حسان خاور نے کہا ہے کہ اقوام عالم وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں سے مستفید ہو رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی حسان خاور نے اپنے اہم بیان میں کہا ہے کہ مائیکروسوفٹ کے بانی بل گیٹس کی پاکستان آمد باعث تحسین اور افتخار ہے۔ حسان خاور نے کہا کہ بل گیٹس نے پہلی بار پاکستان کا دورہ کیا، انکی دنیا سے پولیو کے خاتمے کیلئے کاوشیں سنہری حروف میں لکھے جانے کے قابل ہیں۔انہوں نے کہا کہ بل گیٹس کی پاکستان آمد وزیر اعظم عمران خان کی کامیاب خارجہ پالیسی کا مظہر ہے، انکی آمد سے پاکستان کا مثبت اور روشن چہرہ دنیا بھر میں اجاگر ہوا۔
ترجمان حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ بل گیٹس کا دورہ پولیو کے خاتمے اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے معاون ثابت ہوگا، انہوں نے احساس پروگرام اور کورونا سے نمٹنے کیلئے حکومتی اقدامات کی بھرپور تعریف کی۔وزیراعلیٰ پنجاب کے معاون خصوصی نے کہا کہ غربت کے خاتمے اور کورونا سے نمٹنے کیلئے پی ٹی آئی حکومت کے اقدامات دنیا کیلئے قابل تقلید ہیں، پاکستان دنیا میں قائدانہ کردار ادا کررہا ہے، دنیا کی نظریں پاکستان پر جمی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پہلی مرتبہ دنیا بھر میں ممتاز مقام حاصل کررہا ہے، دنیا بھر کی اہم شخصیات پاکستان کا دورہ کررہی ہیں، پاکستان امن کا علمبردار اور معاشی طاقت بن رہا ہے۔
حسان خاور نے کہا کہ اقوام عالم وزیراعظم عمران خان کی قائدانہ صلاحیتوں سے مستفید ہو رہے ہیں، وطن عزیز پاکستان کا سنہری، روشن اور تابناک مستقبل روز روشن کی طرح عیاں ہو رہا ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ آزاد، خودمختار اور خودداری کا پیکر پاکستان کا خواب عملی تعبیر پا رہا ہے، سیاسی بونوں کا چائے کی پیالی میں برپا کیا جانے والا طوفان آخری دموں پر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اپوزیشن کے بلندوبانگ دعوے زمین بوس ہو رہے ہیں، اپوزیشن کی پریشانی اور پشیمانی میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، انکا عدم اعتماد کا خواب، خواب ہی رہ جائے گا، انکو ذاتی مفاد اور لوٹ مار کیلئے ملکی ترقی و خوشحالی میں روڑے نہیں اٹکانے دیں گے۔
 
                     
		 
				 
				 
				 
				 
				