لاہور(رپورٹنگ آن لائن) کاﺅئنٹر ٹیرارزم ڈیپارنمنٹ نے ملک میں دہشت گردی پھیلانے والے افغان انٹیلی جنس ایجنسی اور را کے مبینہ نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا ۔
سی ٹی ڈی کے مطابق گزشتہ روز لاہور سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانےکا منصوبہ خاک میں ملاتے ہوئے پانچ دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا گیا ، دہشت گردوں کو شاہدرہ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے۔
سی ٹی ڈی کی ابتدائی تفتیش کے مطابق دہشت گرد دو ماہ قبل افغاستان سے آئے تھے، افغان انٹیلی جنس ایجنسی کے انڈر کور نے انہیں جلال آباد میں ٹاسک دیا تھا، اس موقع پر بھارتی خفیہ ایجنسی را کا نمائندہ ملاقات میں موجود تھا، ان دہشت گردوں کو فنڈز بھی را کے افسر نے فراہم کیے تھے، گرفتار دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج کرلیا گیا ۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں سے دستی بم ، اسلحہ، افغان کرنسی، موبائل فونز اور حساس مقامات کی ویڈیوز برآمد کی گئیں ہیں، دہشت گردوں نے سول سیکرٹریٹ کو نشانہ بنانےکا منصوبہ بنا رکھا تھا، گرفتار دہشت گردوں کی شناخت ثمرقند، عبدالرحمان ، وزیرگل، عصمت اللہ اور عمران کے ناموں سے ہوئی ہے۔