عارف علوی 156

افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہئے، جنگ زد ہ افغانستان میں پائیدار امن خطہ میں ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے، صدر مملکت

اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہئے، جنگ زد ہ افغانستان میں پائیدار امن خطہ میں ترقی و خوشحالی کیلئے انتہائی اہم ہے۔ عیدالاضحی کے پہلے روز نجی ٹی وی چینل میں بیگم ثمینہ علوی کے ہمراہ گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ افغانستان مشکل وقت سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ افغانستان میں تمام فریق قوم ساز ی کیلئے مل کر کام کریں گے، افغانستان نے بڑی قربانیاں دی ہیں اور اب وہاں کے عوام کو امن و استحکام کی زیادہ ضرورت ہے۔

انہوں نے پاکستان کے اصولی موقف کااعادہ کرتے ہوئے کہا کہ افغانوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنا چاہئے۔ بھارت کے زیر تسلط جموں و کشمیر کی صورتحال سے متعلق انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت نے متنازعہ سٹیزن شپ ایکٹ کے تحت اقلیتوں کو الگ کر دیا ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر میں صورتحال اچھی نہیں ہے، پوری دنیا نے اس پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، جو کچھ بھی مقبوضہ کشمیر میں ہو رہا ہے وہ اسلامو فوبیا کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں پر بے پناہ مظالم ڈھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت جلد آئے گا جب دنیا اخلاقیات کی بنیاد پر فیصلے کرے گی، مسلمان دنیا کی قیادت کریں گے ،مستقبل میں پاکستان کا اس حوالہ سے اہم کردار ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں مستقبل روشن ہے، پاکستان انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبہ میں تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور بیگم ثمینہ عارف علوی نے پروگرام کے دوران اپنی زندگی کے مختلف واقعات و تجربات بھی بیان کئے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں