اسلام آباد (رپورٹنگ آن لائن)و زیر اعظم کے معاون خصوصی برائے ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ افغانستان کے مسئلہ پر عمران خان کے موقف کو آج پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے ۔ اپنے بیان میں حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاکستان کی مضبوط خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے کہ آج تمام عرب اسلامی ممالک ،امریکہ ، برطانیہ بھی ہمارے موقف کو تسلیم کر رہے ہیں ۔
حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہاکہ پاکستان کے مخالف بھی افغان مسئلہ پر پاکستان کے موقف کی تائید کے ساتھ تعاون چاہ رہے ہیں،امید کرتے ہیں کہ طالبان نے جو اب تک اعلانات کیے ہیں ان پر عمل ہو گا۔انہوںنے کہاکہ دنیا کو طالبان کو کام کرنے کا موقع دینا چاہیے،افغانستان میں ایک مستحکم ، مضبوط حکومت خطے کے امن اور مستقبل کی ضروری ہے۔ انہوںنے کہاکہ طالبان کو مشورہ دے سکتے ہیں ، ان پر حاکم نہیں ہیں ۔
انہوںنے کہاکہ دنیا کو دیکھنا ہو گا کہ ہندوستان نے افغانستان میں بیٹھ کر پاکستان اور خطے کے امن کے خلاف کیا کیا سازشیں کی ہیں۔ انہوںنے کہاکہ افغانستان میں امن و استحکام کو تباہ کرنے کی ہندوستان عالمی دہشت گرد تحریکوں کے ساتھ مل کر سازش کر سکتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ صورتحال پر غور و فکر کیلئے یکم ستمبر کو اسلام آباد میں پاکستان علماء کونسل نے علماء و مشائخ کنونشن بلایا ہے۔