طارق فضل چوہدری 14

افغانستان میں بروقت مؤثر کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے،طارق فضل چودھری

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وفاقی وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا ہے کہ فضائیہ کی افغانستان میں بروقت اور مؤثر کارروائی معصوم جانوں کا بدلہ ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں طارق فضل چودھری کا کہنا تھا کہ افغانستان میں موجود فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں کو پاک فضائیہ کے شاہینوں نے کامیابی سے نشانہ بنایا، پاکستان کے خلاف سازشوں کا جال بُننے والوں کو ایک بار پھر واضح پیغام مل چکا ہے، یہ سرزمین کمزور نہیں، یہ شہداء کے لہو سے مضبوط ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں بھارتی سرپرستی میں پلنے والے فتنہ الخوارج کے ٹھکانوں پر پاک فضائیہ کی بروقت اور مؤثر کارروائی دراصل اُن معصوم جانوں کا بدلہ ہے جو دہشتگردی کی آگ میں جھونک دی گئیں، یہ صرف ایک آپریشن نہیں تھا، یہ ہر اُس ماں کے آنسوؤں کا جواب تھا جس نے اپنے بیٹے کو وطن پر قربان کیا، یہ ہر اُس بچے کے خوابوں کا دفاع تھا جو ایک محفوظ پاکستان چاہتا ہے

ان کا کہنا تھا کہ جو بھی پاکستان کو کمزور سمجھنے کی غلطی کرے گا، وہ یاد رکھے ہم امن کے خواہاں ضرور ہیں، مگر اپنی سرزمین، اپنے عوام اور اپنے وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے، ملک پاکستان کے ایک ایک انچ کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ریاست پر اٹھنے والی ہر میلی آنکھ کو مٹا دیا جائے گا۔

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ یہ وطن ہماری پہچان ہے، ہماری غیرت ہے، ہمارا ایمان ہے، پاکستان پہلے بھی تھا، پاکستان آج بھی ہے، اور پاکستان ہمیشہ رہے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں