لاہور(رپورٹنگ آن لائن)آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے کہاہے کہ اس وقت پاکستان کی معیشت مکمل طور پر آئی ایم ایف کے شکنجے میں ہے ،آئی ایم ایف کی شرائط کو پورا کرنے کیلئے عوام اور کاروبار کرنے والوں پر اتنا بوجھ لادھ دیا گیا ہے کہ اب سانس لینا بھی مشکل ہوتا جارہا ہے ،مہنگائی کی وجہ سے عوام کی قوت خرید جواب دے رہی ہے ۔
اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اپنے محصولات خود بڑھانے ہیں ہیں اور اپنے نقصانات کو کم کرنا ہے ۔ہمیں بطور قوم یہ بات سمجھنی چاہیے کہ جب سے مغربی طاقتیں افغانستان سے نکلی ہیں ان کا پاکستان کے حوالے سے رویہ یکسر تبدیل ہو چکا ہے اورآئی ایم ایف کی کڑی شرائط اس کا منہ بولتا ثبوت ہے ۔ ہمیں باہر سے بیل آئوٹ پیکج کی جو عادت پڑ گئی ہے اس نے ہمیں بہت نقصان پہنچایا ہے ۔
اگر ہم نے معاشی طو رپر مضبوط اوراپنی عزت کو بحال کرنا ہے تو ہمیں ان بیساکھیوں سے چھٹکارا حاصل کرنا ہوگا ۔وزیر اعظم کی جانب سے تشکیل دی گئی کفایت شعار کمیٹی نے جو اخراجات کم کرنے کیلئے جو سفارشارت مرتب کی ہیں ان پر من و عن عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے ۔