وزیراعظم

افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد پاکستان میں کوئی امریکی اڈا نہیں ہو گا ، وزیراعظم

اسلام آباد(رپورٹنگ آن لائن) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ امریکہ نے بھارت کو اسٹریٹجک پارٹنرمنتخب کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے اور بھارت کو اسٹریٹجک پارٹنر قرار دینے کے باعث امریکہ کا رویہ پاکستان کے ساتھ تبدیل ہو گیا، افغانستان کے تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے،ہم واضح کرچکے ہیں کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے بعد پاکستان میں کوئی امریکی اڈا نہیں ہو گا ۔

اسلام آباد میں غیر ملکی صحافیوں سے گفتگو کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ افغانستان کے تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، ہم واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان میں امریکا کا کوئی فوجی اڈا نہیں چاہتے۔ امریکا نے فیصلہ کرلیا ہے اب ان کا اسٹریٹیجک پارٹنر بھارت ہوگا اور میرے خیال میں اسی وجہ سے پاکستان کے ساتھ مختلف طرح سے سلوک کیا جارہا ہے۔ امریکا نے 20 سال تک افغانستان کا مسئلہ فوجی طاقت سے حل کرنے کی ناکام کوشش کی، اب اس کی نظر میں پاکستان ان کا افغانستان میں چھوڑا ہوا 20 سال کا کچرا صاف کرنے کے لیے رہ گیا ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے طالبان کو افغان حکومت سے مذاکرات پر آمادہ کرنے کی کوشش کی، چند ماہ قبل اسلام آباد میں طالبان رہنماں سے ملاقات میں انہوں نے انہیں قائل کرنے کی کوشش کی لیکن وہ اس کے لیے تیار نظر نہیں آتے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب تک اشرف غنی افغانستان کے صدر رہیں گے وہ ان سے بات نہیں کریں گے۔ اس لئے موجودہ حالات میں افغانستان کا سیاسی حل نظر نہیں آتا۔