پاکستان

افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں پوری دنیا کے لئے خطرہ ہیں’ پاکستان

نیویارک(رپورٹنگ آن لائن) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد تنظیمیں صرف ہمارے لئے نہیں پوری دنیا کیلئے خطرہ ہیں۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں افغانستان کی صورتحال پر مباحثے سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان سرزمین سے ٹی ٹی پی کے دہشت گردوں کی دراندازی کا سامنا ہے، کالعدم ٹی ٹی پی پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ افغانستان میں چھوڑے گئے ہتھیار پاکستان پر حملوں کیلئے استعمال ہو رہے ہیں، افغانستان کسی بھی ملک کیخلاف دہشت گردی کیلئے استعمال نہیں ہونا چاہیے، افغان سر زمین پاکستان کیخلاف استعمال ہو رہی ہے۔عاصم افتخار کا مزید کہنا تھا کہ یقینی بنانا ہوگا افغانستان ایک بار پھر دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہ نہ بنے، القاعدہ، الخوارج، ٹی ٹی پی اور بلوچ شدت پسند افغانستان سے بدستور سرگرم ہیں۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پاک افغان ایڈیشنل سیکرٹری سطح مذاکرات کے دوران پاکستان اور افغانستان نے دہشت گردی کو خطے کے امن کیلئے خطرہ قرار دیا ہے۔ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق مذاکرات کے دوران پاکستان نے افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہوں کے خلاف کارروائی پر زور دیا اور کہا کہ افغانستان سے دہشت گرد پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں.

دہشت گرد گروپس علاقائی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں۔دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مذاکرات میں فریقین نے تجارت و ٹرانزٹ تعاون کو گہرا کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔