ہمایوں اختر خان

افغانستان سے امریکی انخلاءکے بعد خطہ اہم دور میں داخل ہو رہاہے ‘ ہمایوں اختر خان

لاہور(رپورٹنگ آن لائن) پاکستان تحریک انصاف کے سینئر مرکزی رہنما و سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ افغانستان سے امریکی انخلاءکے بعد خطہ ایک اہم دور میں داخل ہو رہاہے ،ریاست کے تمام اسٹیک ہولڈرز مستقبل کی پالیسی پر بحث کر رہے ہیں اور اپوزیشن کو بھی اس پر بریفنگ دی جارہی ہے لیکن ان کی جانب سے واضح پالیسی بیان دینے کی بجائے صرف سیاسی بیان بازی کی جارہی ہے ،سلامتی کے ضامن ادارے ہر لمحے مستعد ہیں اور کسی کو پاکستان کے امن کو تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال آئندہ کئی دہائیوں کے لئے خطے کی جیو پولیٹیکل کی سمت کا تعین کرے گی اس لئے پاکستان ان حالات سے ہرگز بے خبر نہیں ۔ پاکستان نے ہمیشہ افغانستان میں امن کےلئے مثبت کردار ادا کیا ہے اور دنیا بھی اس کی معترف ہے جبکہ اس کے مقابلے میں بھارت نے ہمیشہ امن عمل کو سبوتاژ کرنے کےلئے فنڈنگ کی ہے ۔ ہمایوں اختر خان نے کہا کہ حکومت اور تمام متعلقہ ادارے افغانستان کی صورتحال پر ایک پیج پر ہیں اورحالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں ،بد قسمتی سے اپوزیشن اس پر واضح موقف یا پالیسی دینے کی بجائے آج بھی اپنی سیاست چمکانے میں لگی ہوئی ہے ۔

موجودہ نازک حالات میں اپنے ملک کی سلامتی ہماری اولین ترجیح ہونی چاہیے اس لئے اپوزیشن سے درخواست ہے کہ سیاست سیاست کھیلنے کی بجائے سنجید ہ کردار ادا کرے اور اگر اس کے پاس کوئی قابل عمل تجاویز ہیں تو انہیں حکومت کے سامنے رکھے۔ ہمایوں اختر خان نے مزید کہا کہ انشا اللہ موجودہ حالات میں پاکستان کی سلامتی کے ادارے الرٹ ہیں اور ہم اس کڑے وقت سے سر خرو ہو کر نکلیں گے۔