اسلام آ باد (رپورٹنگ آن لائن ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب کے تکبر، انا اور ضد نے انہیں کسی قومی مشاورت کے عمل کا حصہ بننے ہی نہیں دیا جو افسوسناک ہے ،اپوزیشن نے قومی مفاد میں کبھی کسی سیکورٹی پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کا بائیکاٹ نہیں کیا ،سات دہائیوں میں پہلی بار عمران صاحب وہ پہلے وزیراعظم ہیں جنہوں نے کشمیر سمیت قومی سلامتی کے کسی مسئلے کو سنجیدہ نہیں لیا ۔
وزیر اطلاعات فواد چوہدری کے ٹویٹ پر ردعمل میں انہوںنے کہا عمران صاحب کا آج تک کشمیر اور قومی سلامتی کے کسی بھی اجلاس شریک نہ ہونا افسوسناک ہے ۔ عمران صاحب کا کورونا پر کمیٹی کا بائیکاٹ کرنا افسوسناک ہے،قومی سلامتی کمیٹی اور اپوزیشن کو دی جانے والی ہر بریفنگ کا عمران صاحب نے بائیکاٹ کیا، تنازعہ جموں و کشمیر اور ابھینندن کے معاملے پر عمران صاحب کا پارلیمانی اجلاسوں کا بائیکاٹ کرنا افسوسناک ہے،
عمران صاحب نے فاٹف جیسے اہم قومی مفاد کے مسئلے پر اجلاس بائیکاٹ کیا جو انتہائی افسوسناک ہے، عمران صاحب کو وزیراعظم کے منصب پہ بٹھانا ہی افسوسناک ہے، پاکستان کے عوام کی زندگی اور ان کے مفاد پر نظرثانی کرتے ہوئے عمران صاحب استعفی دیں۔