لاہور ہائی کورٹ

اعلی عدلیہ میں اقلیتی ججز کی تعیناتی نہ کرنے کیخلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراض پرسرکاری وکلا ء کو تیاری کی مہلت

لاہور( رپورٹنگ آن لائن)لاہور ہائیکورٹ نے اعلی عدلیہ میں اقلیتی ججز کی تعیناتی نہ کرنے کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کے عائد اعتراض پرسرکاری وکلا ء کو تیاری کی مہلت دے دی۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس مس عالیہ نیلم نے درخواست پرسماعت کی۔رجسٹرار آفس نے جوڈیشل کمیشن کے خلاف درخواست قابل سماعت نہ ہونے کا اعتراض عائد کیا۔سرکاری وکیل نے موقف اپنایا کہ آفس اعتراض بالکل درست اور درخواست قابل سماعت نہیں ،جوڈیشل کمیشن کے انتظامی معاملات میں پٹیشن دائر نہیں ہوسکتی۔

درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ آئین کے تحت اعلی عدلیہ میں اقلیتی جج کی نمائندگی لازم قرار دی گئی ہے،جوڈیشل کمیشن کو اقلیتی جج تعیناتی کاازخود پابند ہونا چاہیے ،جوڈیشل کمیشن انتظامی فورم ہے اس کے خلاف پٹیشن دائر ہوسکتی ہے،رجسٹرار آفس نے بلاجواز اعتراض عائد کیا،عدالت اعلی عدلیہ میں اقلیتی ججز کی نمائندگی کو شامل کرنے کا حکم دے۔