لاہور (رپورٹنگ آن لائن)پاکستان کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے چیئر پرسن پرویز حنیف نے کہا ہے کہ حکومت بیرون ممالک سفارتخانوں میں فوکل پرسنز کی تعیناتی کرے جو مختلف ممالک کودرکار لیبر اورہنر مند فورس کی پاکستان سے دستیابی کو یقینی بنانے کیلئے کردار ادا کریں،
دنیا میں پاکستان کی ساکھ اور نام بنانے کیلئے مختلف شعبوں میں جدید ہنر مند فورس تیار کرنے کی ضرورت ہے ،اگر ہمیں بھارت سمیت دیگر ممالک کا مقابلہ ہے تو اعلیٰ معیار کے ساتھ جدید ڈیزائنوں سے مزین کارپٹ مصنوعات برآمد کرنا ہوں گی ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ پرویز حنیف نے کہا کہ بیرون ممالک روزگار کیلئے جانے والوں کی تربیت بھی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ یہ لوگ ان پاکستان کے سفیر کا کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ممالک کو کس شعبے میں کتنی لیبر اور ہنر مند فورس درکار ہے اس حوالے سے ہمارے پاس اعدادوشمار ہونے چاہئیں ،
اس کے لئے سفارتخانوں میں فوکل پرسنز کی تعیناتی کی جائے جو پاکستان سے ہر طرح کی لیبر اور ہنر مند فورس برآمد کرنے کیلئے کردار ادا کریں ۔ انہوں نے کہا کہ کارپٹ ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ میں سیکھنے والے مختلف ممالک کے باشندوں کی کارپٹ مصنوعات کی پسند کو مد نظر رکھتے ہوئے جدید ڈیزائن تیار کریں تاکہ ہم بھارت سمیت دیگر ممالک کا مقابلہ کر سکیں ۔